اردو
Friday 29th of March 2024
0
نفر 0

حضرت ولی عصرؑ کی ولادت باسعادت

حضرت ولی عصر علیہ السلام کی ولادت باسعادت اور آپ کے وجود مبارک سے متعلق روایات بے شمار ہیں، امام علیہ السلام کی ولادت باسعادت کوبیان کرنے والی تفصیلی روایات معتبر کتب حدیث میں موجود ہیں، انھیں روایات میں سے ایک تفصیلی روایت ینابیع المودۃ کے مولف اور اہل سنت کے معروف عالم فاضل قندوزی نے اپنی کتاب کے ص۴۴۹ اور ۴۵۱ پر نقل کی ہے ان کے علاوہ شیخ طوسی نے اپنی کتاب ''غیبت'' میں اور شیخ صدوق نے ''کمال الدین'' میں صحیح اور معتبر سند کے ساتھ جناب موسیٰ بن محمد بن قاسم بن حمزۃ بن موسیٰ بن جعفر علیہما السلام سے اور انہوںنے امام محمد تقی علیہ السلام کی دختر جناب حکیمہ خاتون سے نقل کیا ہے کہ جناب حکیمہ نے فرمایا:

امام حسن عسکری(ع) نے ایک شخص کے ذریعہ میرے پاس کہلایا کہ پھوپھی آج شب نیمۂ شعبان آپ میرے یہاں افطار فرمائیں خداوندعالم آج کی رات اپنی حجت کو ظاہر کرے گا اور وہی روئے زمین پر حجت خدا ہوگا۔

میں نے امام حسن عسکری (ع)کی خدمت میں عرض کیا: حجت کی ماں کون ہے؟

امام(ع) نے فرمایا: نرجس۔

میں نے عرض کیا: میں آپ پر قربان،بخدا نرجس کے یہاں تو ایسے کوئی آثار نہیں ہیں۔امام (ع) نے فرمایا: جو میں نے کہا وہی حقیقت ہے۔

جناب حکیمہ خاتون فرماتی ہیں کہ میں حسب وعدہ پہنچی اور سلام کیا......نرجس نے میرے آرام کے لئے بستر وغیرہ آمادہ کیا اور ''میری اور میرے خاندان کی سیدوسردار خاتون''کہہ کر مجھ سے حال دریافت کیا۔

جناب حکیمہ نے فرمایا: میں نہیں تم میری اور میرے خاندان کی سید وسردار ہو۔

جناب نرجس نے فرمایا: پھوپھی یہ آپ کیا فرما رہی ہیں؟

جناب حکیمہ نے فرمایا: میری بیٹی!آج کی رات خدا تجھے وہ فرزند عطا کرے گا جو دنیا وآخرت کا آقا ہے،جناب نرجس کے چہرہ پر شرم وحیا کے آثار نمودار ہوگئے، میں نے نماز عشاء سے فارغ ہوکر روزہ افطار کیا اور بستر پر لیٹ گئی، جب نصف شب گزر گئی تو نماز شب کے لئے بیدار ہوئی نماز شب پڑھنے کے بعد میں نے دیکھا کہ جناب نرجس اسی طرح آرام سے سو رہی ہیں تعقیبات کے بعد میری آنکھ لگ گئی، گھبراکر اُٹھی نرجس اسی طرح سو رہی تھیں،پھر جناب نرجس اٹھیں، نماز شب بجالائیں اور پھر سوگئیں۔

میں صبح کی جستجو میں باہر نکلی فجر اول طلوع ہوچکی تھی،جناب نرجس محو خواب تھیں میرے دل میں شک کا گزر ہوا امام حسن عسکری(ع) نے آواز دی: پھوپھی عجلت مت کیجئے گھڑی نزدیک آرہی ہے، جناب حکیمہ فرماتی ہیں کہ میں نے الم سجدہ اور سورۂ یٰسین کی تلاوت شروع کردی، ناگاہ میں نے دیکھا کہ جناب نرجس گھبراکر بیدار ہوئیں میں ان کے سرہانے گئی میں نے کہا: ''بسم اللہ علیک '' کیا کچھ محسوس کررہی ہو؟جواب دیا ''جی ہاں اے پھوپھی۔''

میں نے کہا گھبراؤ نہیں یہ وہی بات ہے جس کی اطلاع میں تمہیں دے چکی ہوں۔

جناب حکیمہ فرماتی ہیںکہ مجھ پر ہلکی سی غنودگی طاری ہوگئی،جب مجھے اپنے آقا کے وجود کا احساس ہوا تو آنکھ کھلی،پردہ ہٹایا تو میں نے نرجس کے پاس اپنے آقا کو سجدہ ریز پایا،تما م اعضائے سجدہ زمین پر تھے،میں نے گود میں لیا تو بالکل پاک وصاف پایا، امام حسن عسکری(ع) نے آواز دی ''اے پھوپھی میرے لال کو میرے پاس لائیے۔''

میں اس مولود کوامام (ع) کی خدمت میں لے گئی امام(ع) نے اپنے دست مبارک سے بچہ کو آغوش میں لیا بچہ کے پیر اپنے سینہ پر رکھے اور اپنی زبان نومولود کے دہن میں دی اورسر وصورت پر دست شفقت پھیرا۔

پھر امام(ع) نے فرمایا: میرے لال گفتگو کرو۔نومولود نے جواب میں کہا:

'' اشہد ان لا الٰہ الا اللہ وحدہ، لا شریک لہ و انّ محمداً رسولُ اللہ ۔''

وحدانیت ورسالت کی گواہی کے بعد امیرالمومنین(ع) سے لے کر اپنے پدر بزرگوار تک تمام ائمہ پردرود بھیجا اور خاموش ہوگئے۔

امام علیہ السلام نے فرمایا: انہیں ان کی ماں کے پاس لے جایئے تاکہ ماں کو سلام کریں اس کے بعد میرے پاس لایئے،میں بچہ کو ماں کے پاس لے گئی، اس نے ماں کو سلام کیا پھر میں نے اسے امام کی خدمت میں پہنچا دیا،امام(ع) نے فرمایا اے پھوپھی ساتویں دن پھر تشریف لائیے گا.....جناب حکیمہ فرماتی ہیں کہ میں اگلی صبح پہنچی، امام(ع) کو سلام کیا اور پردہ ہٹایا تاکہ اپنے آقا کی زیارت کرسکوں مگر بچہ نظر نہ آیا..... میں نے عرض کیا میری جان آپ پر قربان.....میرا آقا کیا ہوا؟

امام (ع) نے فرمایا: اے پھوپھی میں نے بھی اپنے لال کو اسی کے حوالہ کردیا جس کے حوالہ مادر موسی (ع) نے اپنا بچہ کیا تھا۔

جناب حکیمہ کہتی ہیں کہ میںساتویں دن پھر امام(ع) کی خدمت میں پہنچی، سلام کیا اور بیٹھ گئی۔

امام (ع) نے فرمایا: میرے فرزند کو میرے پاس لایئے، میں اپنے آقا کو اس عالم میں امام(ع) کے پاس لے گئی کہ آپ کپڑے میں لپٹے ہوئے تھے امام(ع) نے پہلے دن کی طرح آغوش میں لیا، دست شفقت پھیرا، دہن میں زبان رکھی گویا بچہ کو دودھ اور شہد دے رہے ہیں پھر فرمایا:

میرے لال! گفتگو کرو۔

بچہ نے کہا: ''اشہد ان لاالہ الا اللہ''، پھرحضرت محمد (ص)،امیرالمومنین (ع)اور اپنے پدربزرگوار ودیگر ائمہ(ع) پر درود وسلام بھیجا اوراس آیۂ کریمہ کی تلاوت فرمائی:

''بسم اللہ الرحمٰن الرحیم ونرید ان نمن علی الذین استضعفوا فی الارض ونجعلھم أئمۃ ونجعلہم الوارثین ونمکن لہم فی الارض ونری فرعون وہامان وجنودھما منھم ماکانوا یحذرون ''

راوی حدیث موسیٰ بن محمد بن قاسم کہتے ہیں کہ میں نے اس واقعہ کے بارے میں عقید (خادم)سے دریافت کیا تو انہوں نے کہا کہ''حکیمہ خاتون نے سچ کہا ہے'' (۱)

شیخ صدوق نے انتۂی معتبر حدیث میں احمد بن الحسن بن عبداللہ بن مہران امی عروضی ازدی کے واسطہ سے احمد بن حسین قمی سے روایت کی ہے کہ امام حسن عسکری(ع) کے یہاں خلف صالح کی ولادت ہوئی تو امام حسن عسکری(ع) کی جانب سے میرے دادا احمد بن اسحاق کے نام سات خطوط خود آپ کے دست مبارک سے لکھے ہوئے موصول ہوئے،جیسا کہ اس سے قبل توقیعات بھی اسی تحریر میں موصول ہوتی تھیں،ان خطوط میں یہ تحریرتھا کہ ''ہمارے یہاں ایک فرزند کی ولادت ہوئی ہے جو تمہارے نزدیک مخفی اور لوگوں کی نگاہوں سے پوشیدہ رہے گا، اس لئے کہ ہم اس کو کسی پر ظاہر نہ کریںگے مگر صرف قریب ترین حضرات کو قربت کے باعث اور چاہنے والوں کو ان کی محبت کی بنا پر، ہم نے چاہا کہ ہم تمہیں بتادیں تاکہ خدا تمہیں اسی طرح مسرورکرے جس طرح اس نے ہمیں مسرور کیا ہے۔ (۲)

مسعودی کی روایت میں ہے کہ احمد بن اسحاق نے امام حسن عسکری(ع) سے عرض کیا: ''جب آقا کی ولادت سے متعلق آپ کا بشارت نامہ موصول ہوا تومردوزن اور منزل شعورمیں قدم رکھنے والا کوئی جوان ایسا نہیں تھا جو حق کا قائل نہ ہو گیا ہو''۔

حضرت(ع) نے فرمایا کیا تمہیں نہیں معلوم کہ زمین حجت خدا سے خالی نہیں رہ سکتی۔ (۳)

ایک اور روایت، ثقۂ جلیل فضل بن شاذان نے جن کی وفات ولادت حضرت ولی عصر(ع)کے بعد اور امام حسن عسکری(ع) کی شہادت سے قبل (۲۵۵سے۲۶۰.ہجری کے درمیان) ہوئی اپنی کتاب ''غیبت'' میں محمد بن علی بن حمز ہ بن حسین بن عبداللہ بن عباس بن امیرا لمومنین (ع) کے واسطہ سے امام حسن عسکری(ع) سے نقل کی ہے کہ امام حسن عسکری(ع) نے فرمایا: شب نیمۂ شعبان ۲۵۵ طلوع فجر کے وقت میرے جانشین اور میرے بعد بندگان خدا پر حجت خدا اور ولی خدا کی اس عالم میں ولادت ہوئی کہ اسے ختنہ کی ضرورت نہ تھی سب سے پہلے جس نے مولود کو نہلایا وہ رضوان خازن جنت تھا جس نے چند دیگر ملائکہ مقربین کے ساتھ مل کر اسے کوثر وسلسبیل کے پانی سے غسل دیا۔ (۴)

دوسری روایات میں ملتا ہے کہ جب امام عصر(ع) کی ولادت ہوئی تو امام حسن عسکری(ع) نے حکم دیا کہ دس ہزار رطل روٹی اور دس ہزار رطل گوشت فقراء بنی ہاشم میںتقسیم کیا جائے اور تین سو گوسفند بطور عقیقہ ذبح فرمائے۔ (۵)

اسی طرح ایک اور روایت ہے کہ ولادت کے تیسرے دن حضرت (ع) کے پدر بزرگوار نے آپ کو مومنین کے سامنے پیش کرکے فرمایا:یہی میرا جانشین اور میرے بعد تمہارا امام (ع)ہے۔ یہی وہ قائم (ع)ہے جس کا انتظار کیا جائے گا اور جب دنیا ظلم وجور سے بھر جائے گی اس وقت ظاہر ہوکر دنیا کو عدل وانصاف سے بھردے گا۔ (۶)

رجال اہل سنت کی ایک معتبر فرد نصر بن علی جہضمی نے اپنی کتاب ''موالید الائمہ'' میں امام حسن عسکری(ع) سے نقل کیا ہے کہ آپ(ع) نے اپنے فرزند ''م ح م د'' کی ولادت کے وقت فرمایا: ظالم یہ سمجھتے تھے کہ مجھے قتل کرکے میری نسل کا سلسلہ منقطع کردیںگے انہوں نے قدرت خدا کو کیسا پایا...... اور مولود کا نام آپ نے ''مومَّل'' (جس سے امید لگائی جائے) رکھا۔ (۷)

احمد بن اسحاق اشعری نے امام حسن عسکری(ع) سے روایت کی ہے کہ آپ(ع) نے فرمایا:

'' الحمد للہ الّذی لم یخرجنی من الدنیا حتیٰ ارانی الخلف من بعدی اشبہ الناس برسول اللہ خلقا وخلقا یحفظہ اللہ فی غیبتہٖ ثم یظہر فیملأ الارض قسطا وعدلا کما ملئت ظلما وجوراً۔'' (۸)

''تمام تعریفیںاس خدا کے لئے جس نے میرے دنیا سے رخصت ہونے سے قبل مجھے میرے جانشین کی زیارت کرادی میرا یہ جانشین لوگوں کے درمیان خَلق وخُلق میں رسول(ص) اللہ سے سب سے زیادہ مشابہ ہے ، اللہ غیبت میں اس کی حفاظت فرمائے گا پھر اسے ظاہر کرے گا اور وہ دنیا کو عدل وانصاف سے اسی طرح بھر دے گا جیسے وہ ظلم وجور سے بھری ہوئی تھی۔''

تفصیلی معلومات کے لئے حدیث کی کتب مثلا غیبت نعمانی و غیب شیخ،کمال الدین،بحار الانوار، اثبات الھداۃ، اربعین خاتون آبادی اور ناچیز کی کتاب منتخب الاثر کی طرف رجوع فرمائیں۔

۱۔منتخب ا لأثر ص۳۲۱ تا۳۴۱

۲۔منتخب الاثر، ص۲۴۳ تا ص۲۴۴۔

۳۔منتخب الاثر،ص ۲۴۵-۲۴۶

۴۔منتخب الاثر، ص۳۲۰، اثبات الھداۃ،ج۷ص۱۳۹، ج۶۸۳ اربعین خاتون آبادی، ص۲۴ ودیگر کتب۔

۵۔منتخب الاثر، ص۳۴۱-۳۴۳

۶۔ینابیع المودۃ، ص۴۶۰، منتخب الاثر،ص۳۴۲

۷۔اثبات الھداۃ،ج۶ص۳۴۲ باب۳۱فصل۱۰ج۱۱۶

۸۔اثبات الھداۃ، ج۷ص۱۳۸، ج۶۸۲،باب۳۲فصل ۴۴کفایۃ الاثر، کمال الدین، منتخب الاثر۔


source : http://shiastudies.net
0
0% (نفر 0)
 
نظر شما در مورد این مطلب ؟
 
امتیاز شما به این مطلب ؟
اشتراک گذاری در شبکه های اجتماعی:

latest article

پیام عرفانی قیام امام حسین علیہ السلام
امام جعفر صادق (ع) کی حدیثیں امام زمانہ (عج) کی شان ...
امام حسين(ع) کا وصيت نامه
قرآن کی نظر میں جوان
حضرت محمد بن الحسن (عج)
امام حسین علیہ السلام کے مصائب
شہادت امیرالمومنین حضرت علی مرتضی علیہ السلام
روزہ کی اہمیت کے متعلق نبی اکرم (ص) کی چند احادیث
حضرت علی بن ابی طالب (ع) کے بارے میں ابن ابی الحدید ...
آیت تطہیر کا نزول بیت ام سلمہ (ع) میں

 
user comment