اردو
Friday 29th of March 2024
0
نفر 0

حضرت عیسی علیہ السلام کے بارے میں کیا جانتے ہیں؟

حضرت عیسی مسیح علیہ السلام کی ولادت اور نئے سال کے شروع کے دن ہیں۔ وہ اولوالعزم اور عظیم انبیاء میں سے ایک ہیں، نوح علیہ السلام، ابراہیم علیہ السلام، موسی علیہ السلام، عیسی علیہ السلام اور محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم۔ حضرت عیسی علیہ السلام سے عقیدت رکھنے والے افراد کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے، 2 ارب سے زیادہ عیسائی اور 5۔1 ارب سے زیادہ مسلمان۔ آپ ایک خوش بیان، خوش رفتار اور خوش نام نبی تھے۔ قرآن کریم نے وضاحت کے ساتھ بیان فرمایا ہے کہ حضرت عیسی علیہ السلام ابھی تک زندہ ہیں:

"و قولھم اِنَا قتلنا المسیح عیسی ابن مریم رسول اللہ و ما قتلوہ و ما صلبوہ ولکن شُبّه لھم و اِنّ الذین اختلفوہ فیه لفی شک منه ما لھم به من علم اِلّا اتباع الظن و ما قتلوہ یقیناً 0 بل رفعه اللہ الیه و کان اللہ عزیزاً حکیماً"۔ سورہ نساء، آیات 157، 158۔

"اور انکے اس قول کے سبب کہ ہم نے اللہ کے رسول مسیح ابن مریم کو قتل کیا ہے، جبکہ درحقیقت انہوں نے نہ انہیں قتل کیا اور نہ سولی چڑھایا بلکہ ان کیلئے شبیہ بنا دیا گیا تھا اور جن لوگوں نے اس میں اختلاف کیا وہ اس میں شک میں مبتلا ہیں، ظن کی پیروی کے علاوہ انہیں اس بارے میں کوئی علم نہیں اور انہوں نے مسیح کو قتل نہیں کیا۔ بلکہ اللہ نے انہیں اپنی طرف اٹھایا اور بے شک اللہ بڑا غالب آنے والا اور حکیم ہے"۔

خداوند عالم نے اپنی حکمت کے تحت حضرت عیسی علیہ السلام کو ایک مخصوص جگہ منتقل کر دیا ہے تاکہ ایک دن ظاہر ہو کر امام عصر عج کی اقتدا اور انکی حمایت کر سکیں۔

حضرت عیسی ابن مریم علیہ السلام کی والدہ گرامی صدیقہ، طاہرہ اور برگزیدہ خاتوں تھیں۔ قرآن مجید میں ایک سورہ سورہ مریم کے نام سے ہے اور حضرت مریم س کو خدا کی نشانی، مثال اور ماڈل کے طور پر ذکر کیا گیا ہے۔ وہ ابتدا میں معبد میں خادمہ کی حیثیت سے تھیں۔ بعد میں الہی فرشتے کے ذریعے صاحب اولاد ہوئیں۔ انکے بیٹے حضرت عیسی علیہ السلام نے گہوارے میں ہی خود کو متعارف کروایا اور فرمایا:

"قَالَ إِنىّ ِ عَبْدُ اللَّهِ آتاَنىِ َ الْكِتَابَ وَ جَعَلَنىِ نَبِيًّا وَ جَعَلَنىِ مُبَارَكا أَيْنَ مَا كُنت"۔ [سورہ مریم، آیہ 30] 

"فرمایا کہ میں خدا کا بندہ ہوں، خدا نے مجھے کتاب عطا کی ہے اور مجھے پیغمبر قرار دیا ہے اور مجھے ہر جگہ باعث برکت بنایا ہے"۔

آپ نے خود کو انتہائی واضح انداز میں اور اچھی طرح متعارف کروایا اور خدا کی جانب سے روزے اور نماز کے احکامات کو بیان فرمایا: 

"ُوَ أَوْصاني بِالصَّلاةِ وَ الزَّكاةِ ما دُمْتُ حَيًّا"۔ [سورہ مریم، آیہ 31]۔

"اور مجھے زندگی بھر نماز اور زکات کی پابندی کا حکم دیا ہے"۔

حضرت عیسی علیہ السلام نے اسی طرح واضح کیا کہ انہیں اپنی والدہ کے ساتھ حسن سلوک کا دستور بھی دیا گیا ہے:

"وَ بَرَّا بِوَالِدَتى"۔ [سورہ مریم، آیہ 32]۔ 

اور یہ کہ انہیں خدا نے سخت گیر اور جابر نہیں بنایا:

"وَ لَمْ يجَْعَلْنىِ جَبَّارًا شَقِيًّا"۔ [سورہ مریم، آیہ 32]۔

قرآن کریم میں دو ایسے انبیاء ہیں جن پر خدا نے تین سلام بھیجے ہیں، ولادت کے موقع پر، وفات کے موقع پر اور قیامت کے دن مبعوث ہوتے وقت۔ ان میں سے ایک حضرت یحیی علیہ السلام ہیں جو بنی اسرائیل کے ایک حکمران کی ہوس رانی کے نتیجے میں شہید ہو گئے اور سید الشھداء حضرت امام حسین علیہ السلام نے اپنے قیام کے وقت انکا ذکر کیا تھا۔ دوسرے نبی حضرت عیسی علیہ السلام ہیں جو باپ کے بغیر پیدا ہوئے اور خدا کی نشانیوں میں سے قرار پائے۔ 

ول ڈورنٹ، معروف مغربی مصنف اپنی مشہور کتاب History of Civlizations میں لکھتا ہے کہ قرآن کریم اور مسلمانوں کا عیسائیوں پر ایک بڑا احسان ہے اور وہ یہ کہ انکے دین اور کتاب میں انجیل اور حضرت عیسی علیہ السلام کو انتہائی عزت اور بزرگی کے ساتھ یاد کیا گیا ہے اور انجیل کی تائید بھی کی گئی ہے۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو حضرت عیسی علیہ السلام کے وجود کو ثابت کرنا انتہائی مشکل ہو جاتا کیونکہ انکی کوئی اولاد نہیں ہے اور نہ ہی انکا کوئی مزار یا مقبرہ ہے۔ اگر نبی مکرم اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور قرآن کریم کی جانب سے حضرت عیسی علیہ السلام کی تائید نہ ہوتی تو منکر افراد بہت آسانی سے انکے وجود کا انکار کر سکتے تھے۔ قرآن اور اہلبیت علیھم السلام کی احادیث میں حضرت عیسی علیہ السلام کو اچھے الفاظ میں یاد کیا گیا ہے۔ 

"تحف العقول" ایک انتہائی باارزش اور علمی کتاب ہے جو پانچویں ھجری قمری میں علی بن شعبہ کی جانب سے لکھی گئی ہے۔ مصنف نے اس کتاب میں رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور چودہ معصومین علیھم السلام کی احادیث کو جمع کیا ہے۔ اسی طرح اس کتاب کے آخر میں حضرت موسی علیہ السلام اور حضرت عیسی علیہ السلام کی کچھ مناجات بھی ذکر کی گئی ہیں۔ ہم اس کتاب میں سے حضرت عیسی علیہ السلام کے ساتھ خدا کی گفتگو کے کچھ حصے قارئین کی خدمت میں پیش کرتے ہیں۔

"اے عیسی، میں تیرا رب ہوں اور تیرے آباء و اجداد کا بھی رب ہوں، میرا نام ایک ہی ہے اور میں خود بھی ایک ہوں، میں اکیلے ہی ہر چیز کو خلق کرتا ہوں، ہر چیز میری مخلوق ہے اور میری ہی طرف پلٹ کر آنے والی ہے۔

اے عیسی، تو میرے حکم سے مسیح بنا ہے اور مٹی سے زندہ چیزیں بنانے پر قادر ہوا ہے، تو مردوں کو میرے اذن سے زندہ کرتا ہے، لہذا مجھ سے امیدوار رہو اور ہمیشہ مجھ سے ڈرتے رہو، میرے علاوہ تیری کوئی پناھگاہ نہیں۔

اے عیسی، میری یاد کو زبان سے زندہ رکھو اور میری محبت کو دل میں ڈالے رکھو۔

اے عیسی، غفلت کے وقت ہوشیار رہو اور حکمت سے کام لو۔

اے عیسی، تو دوسروں کے سامنے مسئول ہے، کمزور افراد پر رحم کرو، جس طرح میں تم پر رحم کرتا ہوں اور یتیم پر غضب نہ کرنا اور اسے خود سے دور نہ کرنا۔

اے عیسی، کمزور کا خیال رکھو، اور اپنے چہرے کو آسمان کی جانب کر کے مجھ سے دعا کیا کرو، میں تمہارے قریب ہوں"۔

خداوند عالم حضرت عیسی علیہ السلام سے فرماتا ہے کہ میں تمہیں سرور انبیاء اور اپنے حبیب "احمد" کی بشارت دیتا ہوں جو سرخ بالوں والے اونٹ کا مالک ہو گا، اسکا چہرہ نورانی ہو گا، وہ پاکدل، دشمنوں پر سختی کرنے والا اور شجاع اور دلیر ہو گا۔ وہ انتہائی باحیا اور عظیم شخصیت کا مالک ہو گا۔ وہ دنیا والوں کیلئے رحمت ہو گا اور بنی آدم کا سرور ہو گا۔ وہ اپنے سے پہلے افراد میں سب سے افضل اور مسلمانوں میں میرا قریب ترین شخص ہو گا۔ وہ ایسا عرب باشندہ ہو گا جو اُمّی ہو گا، میرے دین کے مطابق فیصلہ کرے گا اور میری اطاعت میں صبر اور بردباری سے کام لے گا۔ 

حضرت عیسی علیہ السلام نے قوم بنی اسرائیل سے فرمایا: "اے قوم بنی اسرائیل، ہمیشہ عالم اور دانشور افراد کی صحبت اختیار کرو چاہے تمہیں اس کام کیلئے اپنے گھٹنوں کے بل پر چل کر ہی کیوں نہ جانا پڑے، کیونکہ خدا مردہ دلوں کو ایسے ہی حکمت کے نور سے زندہ کرتا ہے جس طرح سے مردہ زمینوں کو بارش کے قطروں سے زندہ کرتا ہے۔ تمہارے دل وہیں ہیں جہاں تمہارے ذخائر پوشیدہ ہیں، اسی لئے لوگ اپنے اموال سے محبت کرتے ہیں، لہذا اپنے ذخائر کو آسمان پر جمع کرو جہاں انہیں نہ دیمک لگتی ہے اور نہ ہی کوئی انہیں چوری کر سکتا ہے۔

اے لوگو، زراعت ہمیشہ نرم اور ہموار زمین پر انجام دی جاتی ہے نہ سخت اور پتھریلی زمین پر، حکمت بھی ایسی ہی ہے جو متواضع اور انکساری کے حامل قلوب میں پرورش پاتی ہے اور پھل دیتی ہے نہ متکبر اور سرکش دلوں میں"۔


source : http://www.islamtimes.org
0
0% (نفر 0)
 
نظر شما در مورد این مطلب ؟
 
امتیاز شما به این مطلب ؟
اشتراک گذاری در شبکه های اجتماعی:

latest article

فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کون ہیں؟
کیا لگاتار ۳ جمعے نہ پڑھنے والا کافر ہے؟
مھربانی کرکے شیعھ عقیده کی بنیاد کی وضاحت فرما کر ...
شیعوں کی روایتوں میں آیا ہے کہ، امام تمام دنیا کی ...
زکات کے مسائل کی تفصیل بیان کر دیجیے
اگر کوئی شخص ماہ مبارک رمضان میں روزہ توڑنے کی ...
کیا ناگوار طبیعی حوادث ، عذاب الھی ھے یا مادی علل ...
توحید ذات، توحید صفات، توحید افعال اور توحید ...
کیا یا علی مدد کہنا جائز ہے
میت کی تقلید کیوں جائز نہیں؟

 
user comment