اردو
Friday 19th of April 2024
0
نفر 0

کیا نوروز اسلامی عید ہے؟

 

عیدنو روز کی حقیقت اسلام کی نظر میں)

تحقیق : سید عقیل حیدر زیدی المشہدی (از : کراچی)

لفظ عید مادہ عود سے پلٹنے اور بازگشت کے معنیٰ میں ہے ،راغب اصفہانی کہتا ہے عود کسی چیز کی طرف ، اس سے منصرف ہونے کے بعد پلٹنا ہے ، چاہے یہ انصراف ذات کے لحاظ سے ہو یا قول اور ارادے کے لحاظ سے، اور عیدسے مراد وہ چیز یا وہ حالت ہے جوانسان کی طرف ہر کچھ وقت کے بعد لوٹ کر آئے، اور کیونکہ روز عید کو شریعت مقدس اسلام میں سرورو خوشحالی کا دن قرار دیا گیا ہے، اس لئے ہر وہ دن جس میں انسان کی یہ حالت ہو اسے عید سے تعبیر کرتے ہیں۔(1)

کیونکہ انسانیت کی فطرت معنویت اور روحانیت ہے، اسلیئے عید اپنے اسی معنیٰ کے لحاظ سے اللہ اور اسکی محبوب ہستیوں کی طرف پلٹنا ہے ، یعنی عید وہ روز ہے جس دن ہم خدا وند متعال کی یاد اور اسکے اولیاء خاص سے کئے ہوئے عہد و پیمان سے غافل نہ ہوں ، اور ہر عید کے روز اس عہد و پیمان کی تجدید کریں، اور دن ، جس روز ہم خدا اور اولیائے خدا کی یاد سے غافل ہوں(چاہے وہ عید ہی کا دن کیوں نہ ہو) ، وہ دن حقیقت میں روز عزاء ہے ، ا ور اسی مطلب کی تائید مولائے کائنات علی ابن ابیطالب  کا یہ قول کرتا ہے :

کلُّ یومٍ لا یُعصیٰ اللہُ فیہ فھو عیدٌ (ہر وہ دن جس میں اللہ کی معصیت نہ کی جائے ، عید کا دن ہے) ۔(2)

قیامت کا دوسرا نام معاد ہے، اور یہ معاد بھی اسی مادہ عود سے مشتق ہے ، یعنی تمام انسانوں کی مکمل طور پر اللہ کی طرف بازگشت ۔ اگر ہم عید کو اس کے حقیقی معنیٰ کے طور پر لیں تو ہر عید، معاد ہے، یعنی اللہ کی طرف پلٹنا ، لیکن یہ پلٹنا نیکیوں ، خوبیوں اور با ارزش چیزوں کی طرف بازگشت کرنا ہے ، اور کتنا خوش قسمت ہے وہ شخص جس کا ہر روز عید (معاد) ہو، اور وہ ہر روز اللہ کی طرف بازگشت کرے، اور ائمہ معصومین  سے تجدید عہد کرے۔ اسی مطلب کی طرف علامہ سید بحر العلوم اپنی کتاب سیر و سلوک میں اشارہ فرماتے ہیں : انسان اسی دنیا میں اپنی معاد اور قیامت کوبرپا کرسکتا ہے اور اپنی اصل (فطرت معنوی و روحانی) کی طرف لوٹ سکتا ہے ۔

وہ ایام سعیدہ کہ جن کو اصطلاحاً عید سے موسوم کیا جاتا ہے ،ان میں ایک عنوان،عید نو روز کا بھی ہے کہ جو ظاہری طبیعت کی بہار و شکوفائی اور رنگ و بو کی دلپذیر تبدیلی کے علاوہ معنوی اور روحانی رنگ و بو کو بھی اپنے ہمراہ لئے ہوئے ہے ۔

اسلئے ہم دیکھتے ہیں کہ ہر عید کے روز، غسل کرنے ، پاکیزہ لباس پہننے ، نماز عید اور مختلف دعاوں وزیارات بالخصوص زیارت امام حسین  کے پڑھنے کی تاکید کی گئی ہے ۔

جس طرح عید نوروز ، نئے (شمسی ہجری ایرانی) سال کی ابتداء اور خانہ ظاہری کو ہر قسم کی آلودگی ، کثافت اورگرد و غبار سے پاک و صاف کرنا ہے تاکہ مہمانان گرامی کے تشریف لانے کو قابل ہوجائے ، اسی طرح ضروری ہے کہ خانہ باطنی (دل) کو بھی ہر قسم کی نجاست اور پلیدگی اور غبار شرک سے مبراء و منزہ کرے تاکہ یہ دل معرفت الہی کا سرچشمہ ، محبت اہلبیت  کا خزینہ اور اعمال صالحہ کی آماجگاہ بن جائے، جس طرح ظاہری نسیم بہار سے لطف اندوز ہوتا ہے اسی طرح معنوی نسیم بہار سے بھی بہرہ مند ہو، اور طبیعت کی تروتازگی اور شکوفائی سے دل کی طراوت و شکوفائی کیلئے مدد لے،نیچر کی تبدیلی سے اپنا نیچر تبدیل کرے)اور فطرت کی تبدیلی سے اپنی فطرت کو اصل کی طرف بازگشت دے۔

عیدنوروز کی دین مبین اسلام میں کیا حقیقت ہے ؟ اس بارے میں بحث کا آغاز کرنے سے پہلے ایک مسئلہ فقہی و اصولی کو بیان کرنا ضروری ہے ، وہ مسئلہ (تسامُحٌ فی اَدِلَّۃِ السُّنَن) کے نام سے تقریبا تمام اصولی کتابوں میں تفصیل سے بیان ہوا ہے ، مختصرا یہ کہ واجبات (اور محرّمات) کی نسبت ضروری ہے کہ دلائل سند اور متن دونوں کے لحاظ سے قابل اعتبار اور قابل اعتماد ہونے چاہئیں اور اگر کوئی روایات سند یا معنیٰ کے لحاظ سے ضعیف ہو ، تو ہرگز قابل اعتبار نہیں ہے اور اس پر عمل نہیں کیا جاسکتا، لیکن مستحبات کی نسبت ادلہ میں چشم پوشی اور سہل انگاری سے کام لیا جاتا ہے ،زیادہ تحقیق و جستجو ضروری نہیں ہے ،بلکہ ان مستحب اعمال کو جو احادیث میں وارد ہوئے ہیں رجاء مطلوبیت کے ارادے سے بجالایا جاسکتاہے ، کیونکہ روایت میں ہے جس کسی نے ثواب کے ارادے سے کوئی عمل انجام دیا ، اللہ تعالیٰ اسکو وہ ثواب عطا کردے گا۔ (3 )

عید نوروز امام جعفر صادق  کی نظر میں

عید نوروز کے سلسلے میں سب سے اہم اور تفصیلی حدیث معلی ابن خنیس کی ہے ، جس کے مختلف حصوں سے فقہاء اور مجتہدین نے مختلف فقہی احکام کے لئے استنباط کیا ہے ، اور تمام قدماء و متاخرین نے اس حدیث کو قابل اعتبار جانا ہے ۔

معلی ابن خنیس نقل کرتا ہے کہ میں نو روز کے دن حضرت امام جعفر صادق  کی خدمت میں پہنچا ، حضرت نے فرمایا: کیا تم اس دن کو جانتے ہو؟ (کہ آج کیا دن ہے) معلی کہتا ہے : میں نے عرض کیا! قربان جاؤں آج وہ دن ہے ، جس کی اہل عجم تعظیم کرتے ہیں اور اس دن ایک دوسرے کو تحفہ و تحائف دیتے ہیں ۔حضرت ؑ نے فرمایا : میں خانہ کعبہ کی (جو مکہ معظمہ میں ہے ) کے حق کی قسم کھاتا ہوں کہ عجم کا اس دن کی یہ تعظیم کرنا نہیں ہے ، مگر اس قدیمی امر کی خاطر جو کو میں تمھارے لئے تفصیل سے بیان کرتا ہوں تاکہ اس کو سمجھ جاؤ۔

معلی کہتا ہے میں نے عرض کی! اے میرے سیدو سردار ! اے میرے مولیٰ! میرے لئے آپ کے وجود کی برکت سے اس بات کا جاننا زیادہ پسندیدہ ہے کہ میرے مردے زندہ ہوجائیں اور میرے دشمن مر جائیں ۔

حضرت  نے فرمایا : اے معلی! حقیقت یہ ہے کہ نو روز کا دن ،وہ دن ہے جب اللہ تعالیٰ نے روز الست تمام ارواح سے اپنی وحدانیت کا عہد و پیمان لیااور یہ کہ کسی کو اس کو شریک قرار نہ دیں گے،اور عبودیت و عبادت مین کسی کو اسکا شریک نہیں بنائیں گے ، اور اسکے بھیجے ہوئے پیغمبروں اور مخلوق پر اللہ کی حجتوں ، اور آئمہ معصومین ؑ پر ایمان لائیں گے ۔اور یہ (نوروز) وہ پہلا دن ہے ، جب سورج طلوع ہوا ، اور درختوں کو ثمرآور کرنے والی ہوائیں چلائی گئیں، اور زمین پر پھول اور کلیاں چٹکنے(کھلنے) لگیں، آج ہی کے دن حضرت نوح کی کشتی (طوفان نوح  کے بعد) کوہ جودی پر ٹہری ، اور یہی وہ دن تھا جب جبرائیل  پیغمبر اکرم  پر نازل ہوا اور انکو تبلیغ دین پر مامور کیا ، یعنی آنحضرت  کی بعثت اسی دن ہوئی تھی ، آج ہی کے دن حضرت ابراھیم  نے بتوں کو توڑا ، اور یہی دن تھا جب پیغمبر  نے اپنے اصحاب کو امیر المومنین علی  کی بیعت کا حکم دیا، اور فرمایا :علی  کو امیرالمومنین کہہ کر پکاریں ، یعنی روز عید غدیر بھی اسی دن ہوا تھا، اور اسی دن خلافت ظاہری حضرت علی  کی طرف پلٹ آئی، اور عثمان کے قتل کئے جانے کے بعد لوگوں نے دوبارہ مولا علی  کی بیعت کی، اسی دن حضرت علی  نے خوارج کے ساتھ جنگ کی ، اور ان پر غلبہ حاصل کرکے کامیاب ہوئے ، اور اسی دن قائم آل محمد  امام زمانہ  ظہور فرمائیں گے، اور دشمنوں پر غلبہ حاصل کریں گے، اور کوئی نوروز کا دن ایسا نہیں جب ہم انتظار فرج نہ کرتے ہوں، اس دن کو عجم والوں نے حفظ کیا ہے اور اسکی حرمت کی رعایت کی ہے ، اور تم نے اس کو ضائع کردیا ہے ۔(4)

اگرچہ اسلام میں تمام عبادات اور اعمال کا دار ومدار قمری مہینوں کی تاریخوں اور دنوں کے اعتبار سے ہے ، لیکن انہی دنوں کو کسی اور لحاظ سے بھی اہمیت کو حامل کہا جاسکتا ہے ، جیسے نوروز کا دن ، جو ہمیشہ بارہ برجوں میں سے برج حمل کو پہلا دن اور اسی طرح شمسی ہجری سال کے پہلے مہینہ فروردین کا بھی پہلا دن ہے ، البتہ عیسوی سال کے لحاظ سے نوروز کبھی 20مارچ اور اکثر 21مارچ کو ہوتا ہے ، یہ نو روز (یعنی نیا دن) نظام شمسی اورکائنات کے نظام کے لحاظ سے ایسا دن ہے جس میں تبدیلیاں رونما ہونے کا آغاز ہوتا ہے اور ہر شئی اس تبدیلی کے زیر اثر ہوتی ہے ۔

روز نو روز کی دوسرے دنوں پر فضیلت

ہر وہ دن، جس کے بارے میں کوئی خاص حکم ، مثلا غسل کرنے، کوئی خاص نماز پڑھنے یا روزہ رکھنے وغیرہ کے حوالے سے ، بیان ہوا ہو ، یقیناًوہ دن دوسرے دنوں پر فضیلت اور برتری رکھتا ہے،اور نوروز ایسے ہی مخصوص دنوں میں سے ہے، جس کے بارے میں کچھ مخصوص اعمال ذکر ہوئے ہیں اور اکثر فقہی ، استدلالی اور دعاؤں کی کتابوں میں انکا بیان آیا ہے اور اکثر متقدمین و متاخرین مراجع تقلید نے ان اعمال کو اعمال عید نوروز کے عنوان سے بیان فرمایا ہے ۔

اعمال عید نوروز حدیث کی روشنی میں

کسی عمل کے شرعی ہونے کیلئے بس اتنا ہی کافی ہے کہ قرآن کریم کی کوئی آیت شریفہ یا معصومین  کی کوئی روایت اس عمل کے شرعی ہونے پر دلالت کرے، نو روز کے سلسلے میں معلی ابن خنیس کی امام جعفرصادق  سے تفصیلی روایت ہے جس کا متن یہ ہے :

عَنْ المُعَلّیٰ بْنِ خَنیس عَنْ مَوْلاٰنَا الصَّادِقِ (علیہ السلام) فی یَوْمِ النیرُوز،ِ قٰالَ : اِذٰا کَانَ یَوْمَ النیرُوزِ فَاغْتَسِلْ وَ اَلْبِسْ اَنْظَفَ ثِیابِکَ وَ تَطَیَّبْ بِاَطْیَبَ طیبِکَ وَ تَکُوْنُ ذٰلِکَ الیَوْمَ صَاءِماًفَاِذٰا صَلَّیْتَ النَّوٰافِلَ وَ الظُّھْرَ وَ العَصْرَ فَصَلِّ بَعْدَ ذٰلِکَ اَرْبَعَ رَکَعٰاتٍ تَقْرَاءُ فی اَوَّلِ رَکْعَۃٍ فَاتِحَۃَ الْکِتٰابِ وَ عَشَرَ مَرَّاتٍ اِنَّا اَنْزَلْنٰاہ فی لَیْلَۃِ القَدْرِ ، وَ فی الثٰانِیَۃِ فَاتِحَۃَ الْکِتٰابِ وَ عَشَرَ مَرَّاتٍ قُلْ یٰا اَیُّھٰاالْکٰافِرُوْنَ، وَ فی

الثّٰالِثَۃِ عَشَرَ مَرَّاتٍ التَّوْحیْد ، وَ فی الرّٰابِعَۃِ عَشَرَ مَرَّاتٍ مُعَوَّذَتَیْنِ وَ تَسْجُدُ بَعْدَ فَرٰاغِکَ مِنَ الرَّکَعٰاتِ سَجْدَۃَ الشُّکْرِ وَ تَدْعُوْا فیھَا، یُغْفَرُ لَکَ ذُنُوْبُ خَمْسینَ سَنَۃً۔

(معلی ابن خنیس ، امام جعفر صادق  سے نقل کرتا ہے کہ امام نے نوروز کے دن کے بارے میں فرمایا : جب نو روز کا دن ہو ، پس تم غسل کرو اور اپنے پاکیزہ لباس کو زیب تن کرو ، اور اپنے آپ کو بہترین خوشبو سے معطّر کرو ، اور اس دن روزہ بھی رکھو ،اور جب نماز نافلہ و فریضہ ظہر و عصر سے فارغ ہوجاؤ ، تو اس کے بعد چار رکعت نماز (عید نوروز کی دو دو رکعت کرکے)پڑھو، پہلی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد دس مرتبہ انّا انزلناہ (قدر) ، اور دوسری رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد دس مرتبہ قل یا ایھاالکافرون (سورۂ کافرون) پڑھو، اور تیسری رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد دس مرتبہ سورۂ توحید ، اور چوتھی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد دس مرتبہ معوّذتین یعنی سورۂ فلق اور سورۂ ناس پڑھو، اور دونوں نمازیں پڑھنے کے بعد سجدۂ شکر بجا لاؤ، اور سجدے میں اللہ رب العزت سے جو چاہو مانگو، اس عمل سے تمھارے پچاس سال کے گناہ بخش دیئے جائیں گے) ۔(5)

بعض نے سجدۂ شکر میں مخصوص دعا بھی ذکر فرمائی ہے، جو یہ ہے :

اَللََّھُمَّ صَلِّ عَلیٰ مُحَمَّدٍ وَ آلِ مُحَمَّدٍ الاَوْصِیٰاءِ المَرْضِیینَ وَ صَلِّ عَلیٰ جَمِیْعِ اَنْبِیٰاءِکَ وَ رُسُلِکَ بِاَفْضَلِ صَلٰوٰاتِکَ وَ بٰارِکْ عَلَیْھِمْ بِاَفْضَلِ برَکٰاتِکَ وَ صَلِّ عَلیٰ اَرْوٰاحِھِم وَ اَجْسَادِھِم ۔ اَللَّھُمَّ بٰارِکْ عَلیٰ مُحَمَّدٍ وَآلِ مُحَمَّدٍ وَ بٰارکْ لَنٰا فی یَوْمِنٰا ھٰذٰا الَّذی فَضَّلْتَہٗ وَ کَرَّمْتَہ وَ شَرَّفْتَہ وَ عَظَّمْتَ خَطْرَہ۔ اَللَّھُمَّ بٰارِکْ لیْ فِیْمٰا اَنْعَمْتَ بِہ عَلَیَّ حَتّیٰ لاٰ اَشْکُرَ اَحَداً غَیْرَکَ وَسِّعْ عَلَیَّ رِزْقی یٰا ذَالجَلٰالِ وَ الاِکْرٰامِ اَللَّھُمَّ مَا غَابَ عَنِّی مِنْ شَیْءٍ فَلاٰ تُغَیِّرْ عَنِّی عَوْنَکَ وَ حِفْظَکَ و ما فَقَدْتُ مِنْ شَیْءٍ فَلاٰ تُفْقِدْنٖیْ عَوْنَکَ عَلَیْہحَتّیٰ لاٰ اَتَکَلَّفَ مَا لاٰاَحْتَاجُ اِلَیْہِ یَا ذَالجَلاٰلِ وَ الاِکْرٰامِ ۔

پھر (یا ذٰاالجلالِ والااکرام)ِ کی زیادہ تکرار کرو۔

روایت میں ہے کہ تحویل سال کی گھڑی ساٹھ مرتبہ یہ دعا پڑھو: یٰا مُقَلِّبَ القُلُوْبِ وَ الاَبْصٰارِ ، یٰا مُدَبِّرَ اللَّیْلِ وَ النَّھارِ ، یٰا مُحَوِّلَ الحَوْلِ وَ الاَحْوٰالِ ، حَوِّلْ حَالَنٰا اِلیٰ اَحْسَنِ الحَالِ۔

اور بعض روایات میں تحویل ساعت اس دعا کے پڑھنے کا کہا گیاہے:اَللَّھُمَّ ھٰذہ سَنَۃٌ جَدِیْدَۃٌ وَ اَنْتَ مَلِکٌ قَدیمٌ اَسْءَلُکَ خَیْرَھَا وَ خَیْرَمَا فیھَا ، وَ اَعُوْذُ بِکَ مِنْ شَرِّھَا وَ شَرِّمَا فٖیھَا ، وَ اَسْءَلُکَ مَؤُنَتَھَا وَ شُغْلَھَا یٰا ذٰاالجَلاٰلِ وَالاِکْرٰام۔ِ(6)

فقہاء اور مجتہدین کا اس حدیث کے مختلف حصوں سے استدلال

اس حدیث شریف کے مختلف حصوں سے تقریبا تمام متقدمین و متاخرین فقہاء نے مختلف ابواب فقہ میں استدلال کیا ہے ، اور غسل عید نوروز ، روزہ عید نوروز اور نماز عید نوروز کو اپنی گرانقدر علمی کتابوں میں بیان کیا ہے ، اور تمام فقہاء و مجتہدین کی نظر میں اس حدیث شریف کی حیثیت مسلم رہی ہے ،اور انھوں نے استدلال کے طور پر اسی حدیث کو نقل کیا ہے ۔

غسل عید نوروز پر فقہاء کا استدلال

اکثر فقہی کتابوں میں مستحب غسلوں میں سے ایک غسل ، عید نو روز کا غسل بیان ہوا ہے ، مرحوم محمد بن الحسن الحرّ العاملی  نے اپنی گرانقدر کتاب وسائل الشیعہ میں ایک باب با عنوان (باب استحباب غسل یوم النیروز )قرار دیا ہے اور اس باب میں وہی امام جعفر صادق  کی روایت معلی ابن خنیس سے نقل کی ہے ، اور اس روایت کے اس جملے سے استحباب غسل کو بیان کیا ہے : اِذا کانَ یومَ النیروز فاغْتَسِلْ و اَلْبِسْ اَنْظَفَ ثِیابَکَ ۔(7)

علامہ حسن ابن یوسف حلی اپنی کتاب القواعد میں فرماتے ہیں: یُسْتَحَبُّ الغُسْلُ لِلْجُمُعَۃِ مِنْ طُلُوعِ الفَجْر اِلیٰ الزَّوالِ و الغَدیرِ و المُباہَلۃِ و عَرَفَۃَ و نیروزِالفُرْس و غُسْلُ الاِحْرام (روز جمعہ کا غسل طلوع فجر سے لیکر زوال آفتاب تک کرنا مستحب ہے، اور غسل روز عید غدیر ، عید مباہلہ ،روز عرفہ ، اہل فارس کی عید نوروز اور احرام کا غسل مستحب ہے)۔(8)

شہید اول  کی تینوں فقہی کتابوں (دروس ، ذکریٰ اور بیان) میں نوروز کے دن کا غسل مستحب غسلوں کے ذیل میں بیان ہوا ہے ، بطور نمونہ ہم کتاب دروس کی عبارت پیش کرتے ہیں : یُسْتَحَبُّ الغُسْلُ ۔۔۔ یومَ المَبْعَث و المَوْلِد و الغَدیر و التَرْوِیَہ و عَرَفَۃَ و الدَّحْوِ و المُباھَلۃ و النیروز لِخَبَر المَعلیٰ

(غسل کرنا مستحب ہے ۔۔۔روز بعثت پیغبر [27رجب المرجب] ، روز ولادت پیغمبر (ص)[17ربیع الاول] ، روز عید غدیر ، روز ترویہ [8ذالحجہ]، روز عرفہ ، روز دحو الارض [25ذیقعدہ ، زمین کے بچھائے جانے کادن] ، روز مباہلہ اور عید نوروز کے دن کا، معلی ابن خنیس کی روایت کی وجہ سے۔ (9)

نیز مرحوم شہید ثانی ؒ نے شرح لمعہ میں بھی روز عید نو روز کے غسل کو مستحب غسلوں میں شمار کیا ہے ۔(10)

مرحوم سید محمد کاظم طباطبائی صاحب عروۃ الوثقیٰ اور مرحوم شیخ بھاء الدین العاملی صاحب جامع عباسی مستحب غسلوں میں سے گیارہواں غسل روز عید نوروز کا بیان فرماتے ہیں ۔(11)

تمام مراجع عظام معاصر نے بھی اپنی فقہی و استدلالی کتابوں اور توضیح المسائل میں غسل عید نو روز کو مستحب غسلوں کے ذیل میں بیان کیا ہے ، نہایت یہ کہ بعض نے یہ قید لگائی ہے کہ بدون قصدِ ورود اور رجائے مطلوبیت کی نیت سے بجالایا جائے۔(12)

حضرت آیت اللہ شیخ حسین وحید خراسانی اپنے رسالہ عملیہ توضیح المسائل کے مسئلہ نمبر 650 میں مستحب غسلوں کو بیان فرماتے ہیں کہ یہ غسل شرع مقدس اسلام میں وارد ہوئے ہیں ،اور پھر مسئلہ نمبر651میں ان مستحب غسلوں کو بیان فرماتے ہیں جو فقہاء نے اپنی فقہی کتابوں میں اغسال مستحبہ کے عنوان سے بیان فرمائے ہیں ،اور حضرت آیت اللہ شیخ حسین وحید خراسانی غسل عید نوروز کوبھی اسی دوسری نوع کے غسلوں سے شمارکرتے ہیں ، اور آخر میں فرماتے ہیں ان دوسری نوع کے غسلوں میں احتیاط یہ ہے کہ رجائے مطلوبیت کے قصد سے بجالائے جائیں۔ (13)

رجائے مطلوبیت سے کیا مراد ہے؟

رجاء یعنی امید ۔ بعض موارد میں جو یہ فرمایا جاتا ہے کہ فلاں عمل کو رجاءً یا رجائے مطلوبیت کے طور پر انجام دیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ بعض مستحبات تو دلیل معتبر شرعی سے ثابت ہیں اور انکے انجام دینے کے وقت قصد ورود (یعنی شریعت مقدس اسلام میں وارد ہونے کا ارادہ کرنا ) صحیح ہے ، اور ان اعمال کو اس عنوان سے کہ شارع نے انکا حکم فرمایا ہے انجام دیا جاسکتا ہے، لیکن بعض مستحبات ایسے ہیں جنکے مستحب شرعی ہونے پر کوئی دلیل معتبر نہیں ہے ، البتہ دلیل ضعیف اور غیر معتبر روایت موجود ہے اسلئے ان اعمال کو مستحب شرعی اور شارع کے حکم کی بجاآوری کے طور پر انجام دینا صحیح نہیں ہے ، بلکہ بدعت اور حرام کام ہے ، کیونکہ حجت و دلیل معتبر شرعی نہیں ہے ، اور ایسے عمل کی شارع کی طرف نسبت دینا جھوٹ ہے ، لیکن ان موارد میں اسی ضعیف روایت پر اعتماد کرتے ہوئے ، اس امید کے ساتھ کہ شاید یہی روایت ضعیف شارع سے صادر ہوئی ہواور مطلوب شرعی ہو، عمل کرسکتے ہیں ، لہذا اس صورت میں اطاعت و بندگی کا ثواب دے دیا جائے گا۔ (14)

لیکن یہاں صاحب جواہر مرحوم شیخ محمد حسن النجفی  کا استدلال قابل ملاحظہ ہے ، وہ فرماتے ہیں : قُلْتُ و قَد بَقِیَ زیادۃٌ علیٰ ما ذَکَرتُہ و ذَکَر المُصَنِّفُ بعضَ الاَغْسالِ الزَّمانیّۃِ ۔۔۔۔ (جو غسل میں نے اور مصنف نے بیان کئے ہیں ان کے علاوہ کچھ اور غسل بھی باقی ہیں جو معین زمانے کے ساتھ مستحب ہیں جیسے : روز دحو الارض کا غسل، اہل فارس کے نوروز کے دن کا غسل، اور نو ربیع الاول (عید زہراء  )کا غسل۔لیکن جو عید نو روز کے دن کا غسل ہے اسکا استحباب علمائے متاخرین کے مشہور قول کی بناء پر ہے ، بلکہ میں نے اس بارے میں کسی کو استحباب غسل کو مخالف بھی نہیں پایا ہے ، کیونکہ اس بارے میں معلی ابن خنیس کی امام جعفر صادق ؑ سے مروی روایت مصباح شیخ طوسی ؒ میں موجود ہے ،جس کا مختصر یہ ہے کہ جب نوروز کا دن ہو تو تم غسل کرو۔(15)

اس کے بعد مرحوم صاحب جواہر معلی ابن خنیس کی مذکورہ روایت کو تفصیل سے بیان کرتے ہیں اور آخر میں فرماتے ہیں :وَلاوَجْہَ لِلمُناقَشَۃِ بَعدَ ذٰلکَ فی السَّند وغَیْرِہ کما لا وَجْہَ لِلمُعارَضَۃِ بما عَن المَناقِب (مشہور فقہاء کے اس روایت معلی ابن خنیس کے مطابق عمل کرنے کے بعد ، اس روایت کی سند یا متن میں مناقشہ کرنے کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہتی، جیسا کہ اس روایت معلی اور وہ روایت جوامام موسیٰ کاظم  سے کتاب مناقب میں نقل ہوئی ہے،دونوں میں کسی تعارض کی بھی کوئی صورت نہیں ہے)۔

بہتر یہ ہے کہ ہم یہاں پر وہ روایت بھی پیش کریں اور اسکا معارض نہ ہونا بھی بیان کریں ۔

روایت امام موسیٰ بن جعفر الکاظم (علیہ السلام)

عید نورو زکے دن منصور دوانیقی نے حضرت امام موسیٰ کاظم  کو دعوت دی کہ حضرت  تشریف رکھیں اور لوگ آکر آپکی زیارت کریں اور آپکی خدمت میں تحائف پیش

کریں ۔ امام موسیٰ کاظم  نے فرمایا: میں نے اپنے جدّ رسول خدا  کی اخبار و احادیث کو جانچ پڑتال کیا ہے اور مجھے اس عید کے بارے میں کوئی خبر نظر نہیں آئی، اس عید کا عجم (اہل فارس) احترام کرتے ہیں ، لیکن اسلام نے اس کو ختم کردیا ہے، اور محال ہے جس چیز کو اسلام نے ختم کردیا ہو میں اس کی دوبارہ تجدید کروں۔لیکن منصور نے کہا کہ یہ ایک سیاسی معاملہ ہے اور میں آپ سے تقاضا کرتا ہوں کہ آپ میری اس دعوت کو ضرور قبول کریں اور آج تشریف رکھیں تاکہ لوگ آپکی زیارت کریں ۔حضرت  نے بھی قبول کرلیا اور اس دن لوگوں سے ملاقات کی اور زیارت کروائی۔

مذکورہ روایت کو تقیّہ پر حمل کیا گیا ہے

کیونکہ مذکورہ روایت مطلب کو اداء کرنے میں قاصر ہے اور صراحت نہیں رکھتی ، اسلئے کئی فقہاء نے اس روایت کو تقیّہ پر حمل کیا ہے،جیسا کہ خود روایت کے ذیل سے بھی ظاہر ہے کہ امام  نے مکمل انکار کے باوجود منصور کی دعوت کو قبول فرمایا، اور اس کے علاوہ تقریبا تمام ہی فقہاء و مجتہدین نے روایت معلی ابن خنیس کے مطابق عمل کیا ہے، اسلئے صاحب جواہر فرماتے ہیں کہ ان دونوں روایتوں میں تعارض کی گنجائش ہی نہیں ہے ، کیونکہ روایت امام موسیٰ کاظم  میں تقیّہ کا احتمال ہے ، اور اس احتمال کے ہوتے ہوئے اس روایت سے استدلال نہیں کیا جاسکتا، اور اجمالاً مرحوم صاحب جواہر بھی معلی کی روایت کا دفاع کرتے نظر آتے ہیں ، اسلئے استحباب غسل کا عید نوروز کے دن فتویٰ دیتے ہیں ۔

فقہاء کی نظر میں عید نو روز کا روزہ

عید نوروز کے غسل کی طرح ، عید نوروز کے روزے کو بھی تمام فقہائے متقدمین و متاخرین نے بیان کیا ہے اور قطعا ان عظیم شخصیات کا (جنھوں نے اپنی عمر شریف کا بیشتر حصہ آیات و روایات اسلامی کو جانچ پڑتال اور چھان بین میں صرف کیا ہے اور صدیوں سے انکی علمی و تحقیقی کتابیں حوزہ ہای علمیہ اور مدارس دینیہ میں پڑھائی جاتی ہیں)کسی عمل کے مستحب ہونے کے بارے میں فتویٰ دینا ، دلیل متقن و مستند و محکم کے بغیر نہیں ہوسکتا، اور فقہاء و مجتہدین کے فتوے عید نوروز کے اسلام میں معتبر و محترم ہونے کی بہترین دلیل بھی ہیں ۔

صاحب جواہر مرحوم شیخ محمد حسن النجفی  فرماتے ہیں : کما یُسْتَفادُ من النَّصوصِ ثُبُوتُ التَأَکُّدِفِی غَیْر ذٰلک (اَیْ تَأَکُّدِ الصَّوم) کالنیروز و اوَّل یَومٍ من المُحَرَّم ۔۔۔ جیسا کہ روایات سے استفادہ ہوتا ہے کہ مذکورہ موارد کے علاوہ بھی چند مورد میں روزے کے استحباب کی تاکید کی گئی ہے ، جیسے : نو روز کے دن کا روزہ اور محرم الحرام کی پہلی تاریخ کا روزہ وغیرہ ۔۔۔ (16)

صاحب مستند مرحوم ملاّ احمد نراقی فرماتے ہیں :أَمّا المَنْدُوبُ مِنہ أَقْسام : منھا اوَّلُ ذی الحِجَّۃ ، منھا صَوم یَوم النیروز لِلمَرْویِّ فی مِصْباحِ المُتَھَجِّد (روزے کی چار اقسام [واجب ، مستحب ، مکروہ اور حرام] میں سے جو مستحب روزے ہیں ، چند قسم کے ہیں ، ان میں پہلی ذالحجّہ کا روزہ ہے اور عید نوروز کے دن کا روزہ ہے جیسا کہ مصباح المتھجّد شیخ طوسیؒ میں روایت نقل ہوئی ہے ۔ (17)

صاحب حدائق مرحوم شیخ یوسف بحرانی بھی اسی انداز سے بیان فرماتے ہیں کہ مستحب روزوں میں سے ایک عید نوروز کے دن کا روزہ ہے کیونکہ اس روزے کو شیخ طوسی ؒ نے مصباح المتھجّدمیں معلی ابن خنیس کے سلسلے سے امام جعفر صادق سے نقل کیا ہے ۔ (18)

نیز تمام فقہاء و مجتہدین معاصر نے بھی عید نوروز کے روزے کو مستحب روزوں میں بیان کیا ہے ، اور اس دن پراپنی عبارات میں عید کا اطلاق بھی کیا ہے ۔(19)

فقہاء کی نظر میں عید نوروز کی مخصوص نماز

معلیٰ ابن خنیس کی روایت میں امام جعفر صادق  نے نوروز کے دن کی جس مخصوص نماز کو تفصیل سے بیان فرمایا تھا ، وہ نماز ادعیہ کی کتابوں جیسے:شیخ عباس قمی کی مفاتیح الجنان اور علامہ محمد باقر مجلسی کی زاد المعاد میں(20) اور احادیث کی کتابوں جیسے : شیخ محمد ابن الحسن الحرّ العاملی وسائل الشیعۃ میں(21) اورنیز فقہی واستدلالی کتابوں جیسے: شیخ ابو جعفر محمد ابن الحسن الطوسی  کی مصباح المتھجّد، محمد ابن ادریس الحلّی کی کتاب السرائر ، محمدابن فھد الاسدی الحلّی کی کتاب المھذّب ، اور شیخ بہاء الدین العاملی کی جامع عباسی میں بیان ہوئی ہے ۔(22)

فقہائے متقدمین نے نماز عید نو روز کی کیفیت کو تفصیل سے بیان کیا ہے ،اور اس نماز کو ظہر و عصر کی فریضہ و نافلہ نمازوں کے بعد اول وقت میں پڑھنے کی تاکید کی ہے۔البتہ فقہائے متاخّر نے اس نمازعید نو روز کو بیان نہیں فرمایا ، کیونکہ مستحب نمازوں کی تعداد بہت زیادہ اور انکی کیفیت بھی مختلف ہوتی ہے، اور اکثر مستحب نمازوں کو انکی مخصوص کیفیت کے

ساتھ بجا لانا ہوتا ہے، اسلئے ان سب مستحب نمازوں کو انکی مخصوص کیفیت کے ساتھ توضیح المسائل یا کسی اور رسالہ عملیہ میں بیان کرنا مشکل ہے۔

لیکن فقہائے متاخّر کے اس حدیث شریف سے غسل مستحبی اور روزہ مستحبّی میں استنباط سے اس حدیث کا بقیہ حصّہ بھی تائید ہوجاتا ہے ۔کیونکہ ایک ہی حدیث میں یہ مختلف عید نوروز کے اعمال بیان ہوئے ہیں ، لہذا پوری حدیث فقہاء کی نظر میں رہی ہے ، لیکن انھوں نے اختصار سے کام لیتے ہوئے مستحب نمازوں کو بیان نہیں کیا۔

عید نو روز کے دن پاکیزہ لباس پہننا اور عطر کا استعمال مستحب ہے

ایک اور مستحب عمل جسے اسی حدیث معلّیٰ ابن خنیس کی روایت میں بیان کیاگیا ہے ، عید نوروز کے دن اچّھا اور پاکیزہ لباس زیب تن کرنا اور بہترین خوشبو کا استعمال کرنا ہے ،اگرچہ یہ مسلّم امر ہے کہ صاف ستھرا اور پاکیزہ لباس پہننا اور خوشبو لگانا دین اسلام کے ایسے آداب اور تعلیمات سے ہے جو ہمیشہ اور ہر جگہ کیلئے ہیں اور ایسے آداب ، عیدکے دن کے ساتھ اختصاص نہیں رکھتے، لیکن امام صادق  کا نو روز کے موقع پر ان چیزوں کو سفارش کرنا اور بزرگ فقہاء کا اس کے مطابق فتویٰ دینا ، جیسے شیخ مرتضیٰ انصاری ؒ کہ جو آخری صدی کے بزرگترین فقیہ شمار ہوتے ہیں ، یقیناًاس بات کو دلیل ہے کہ عید نو روز کو دیگر ایّام پر خصوصی فضیلت و امتیاز حاصل ہے ۔

شیخ مرتضیٰ انصاری  اپنی کتاب الطہارۃ میں فرماتے ہیں : فاذا کانَ یَومُ النیروز فاغْتَسِلْ و اَلْبِسْ اَنْظَفَ ثِیابِکَ و تَطَیَّب باَطْیَبَ طیبِکَ (پس جب عید نو روز کا دن آئے تو تم غسل کرو اور اپنا پاکیزہ ترین لباس زیب تن کرو، اور اپنی بہترین خوشبو سے اپنے آپ کو معطّر کرو)۔(23)

عید نو روز کے موقع پر ہدیہ دینا

مرحوم ابوجعفر محمد ابن علی ابن بابویہ القمی (معروف بہ شیخ صدوق ) فرماتے ہیں: أَتیٰ عَلیٌّ علیہ السلام بھدیۃِ النیروزفقال  : ما ھٰذا ؟ وقالوا یا امیرَالمومنینَ الیومُ النیروز فقال ؑ : اِصْنَعُوا لَنا کلُّ یومِ نیروز (و رُوِیَ أَنَّہ قالَ  نیروزُنا کلُّ یومٍ (عید نو روز کے دن حضرت علیّ  کیلئے ہدیہ لایا گیا ، حضرت  نے پوچھا : یہ کیا ہے؟ انھوں نے عرض کیا! اے امیر المومنین  : آج نوروز کا دن ہے [اور یہ ہدیہ اسی مناسبت سے ہے ]۔حضرت امیر  نے فرمایا : ہمیشہ اس طرح کے کام کیا کرو، اور تمھارا ہر روز نو روز ہو ۔ [دوسری روایت میں ہے کہ فرمایا: ہمارا ہر روز نو روز ہے])۔(24)

مرحوم شیخ صدوق  اگے جاکر ایک اور حدیث امام جعفر صادق  سے بھی نقل فرماتے ہیں کہ ایک سائل نے امام جعفر صادق  سے پوچھا: ایک صاحب مقام اور بلند مرتبہ شخص ہے ، اور عید نو روز کے دن لوگ اسکے لئے تحفے و تحائف لاتے ہیں اور چاہتے ہیں ان تحائف کے ذریعے اس شخص کے قریب ہوجائیں اور اس کے ساتھ تعلقات استوار کریں ، آیا وہ شخص ان تحائف کو قبول کرے یا نہ کرے؟ امام جعفر صادق  نے فرمایا : کیا یہ تحائف دینے والے نماز پڑھتے ہیں ؟ سائل نے عرض کیا! جی ہاں ۔ امام صادق (ع) نے فرمایا :ہاں پھر وہ تحائف کو قبول کرے اور انہیں بھی محبّت آمیز جواب دے اور انکی مدد کرے۔ (25)

ہفت سین ایک تحریف زدہ رسم

ہفت سین کا لفظ نو روز سے آشنا افراد کے لئے نامانوس نہیں ہے اور بہت سے افراد بالخصوص اہل فارس ہفت سین کو مدتوں سے بطور رسم انجام دیتے آرہے ہیں ، تحویل سال کے وقت ( وہ گھڑی جب سال تبدیل ہوتا ہے،اور سورج نئے برج میں داخل ہوتا ہے) یہ لوگ گھروں میں دسترخوان بچھاتے ہیں اور اس پر حرف سین سے شروع ہونے والی سات مختلف چیزیں رکھ دیتے ہیں ، جو غالبا ہر ایک گھرانے یا قوم و قبیلے کے نزدیک مختلف ہوتی ہیں ، لیکن اگر ان ہفت سین کی رسم کا تاریخچہ معلوم کیا جائے تو بعید نہیں کہ اس رسم کا تاریخی پس منظر مولائے کائنات علی کی وہ روایت ہو ، جسے شیخ حرّ عاملی نے اپنی کتاب اثنیٰ عشریہ میں نقل کیا ہے ۔(26)

حضرت علی  فرماتے ہیں : اگر کوئی شخص وہ سات آیتیں جن کی ابتداء حرف سین سے ہوتی ہے ، عرق گلاب اور زعفران سے چینی کے برتن پر لکھ لے ، اور تحویل ساعت کے وقت اس ظرف میں پانی بھر کر پی لے تو وہ شخص اس سال کے آخر تک مریض اور سست نہیں ہوگا، اور اس شخص کا قرآنی بیمہ (حفاظت) ہوجائے گا، وہ سات آیتیں یہ ہیں :

1۔ سَلاٰمٌ قَوْلاً مِن رِّبِّ رِّحِیْم (سورۂ یس آیت 58)

2۔ سَلاٰمٌ عَلیٰ نُوحٍ فی العالَمِینَ (سورۂ صافات آیت 79)

3۔ سَلاٰم عَلیٰ اِبْرٰاہیم (سورۂ صافات آیت 108)

4۔ سَلاٰمٌ عَلیٰ مُوسیٰ وَ ہارونَ (سورۂ صافات آیت 119)

5۔ سَلاٰمٌ عَلیٰ آلِ یٰاسینَ (سورۂ صافات آیت 129)

6۔ سَلاٰمٌ عَلیکُم طِبْتُمْ فَادْخُلُوھا خالدینَ (سورۂ زمر آیت 73)

7۔ سَلاٰمٌ ھِیَ حَتّیٰ مَطْلَعِ الفَجْر (سورۂ قدر آیت 6)

پس معلوم ہوا کہ اس ہفت سین کی رسم کا بھی روایت میں ذکر موجود ہے لیکن وقت گذرنے کے ساتھ اس رسم میں تحریف اور انحراف پیدا ہوگیاہے ، کیونکہ جب لوگ مسائل دینی سے نا آشنا یا کم آشنا ہوتے ہیں اور غیروں کی فرہنگ و تمدّن انکی نظروں میں بھانے لگتا ہے تو وہ آہستہ آہستہ نامحسوس طور پر اسی اجنبی فرہنگ و تمدّن کا حصّہ بن جاتے ہیں اور اپنی اسلامی غنی فرہنگ کو بالکل بھول جاتے ہیں ، اتفاقا ہفت سین کی مقدس اور معنوی رسم کے ساتھ بھی یہی المیہ پیش آیا ہے ۔

(والسَّلامُ عَلیٰ مَن اتَّبَع الھُدیٰ)

حوالہ جات

1 ۔ المفردات فی غریب القرآن ، راغب اصفہانی ، ص351

2 ۔ نہج البلاغہ ، فیض الاسلام ، ص 1286

3۔ النوروز فی مصادر الفقہ والحدیث ، ص 46

4۔ زاد المعاد ، علامہ محمد باقر مجلسی، ص 523 ؛ نیز جواہر الکلام، ج1 (اغسال مستحبہ)

5۔ مصباح المتھجد، شیخ ابوجعفر محمد ابن الحسن الطوسی، ص591

6۔ زاد المعاد ، علامہ محمد باقر مجلسی ، ص 525

7۔ وسائل الشیعہ، محمد بن الحسن الحرّ العاملی، ج2 ، ص 428 اور ج5 ، ص288 (باب استحباب غسل یوم النیروز)

8۔ کتاب القواعد، علامہ حسن ابن یوسف حلی، ج1، ص 3 ؛ نیز رجوع کریں : الجامع الشرائع (اغسال مستحبہ) ، ص33

9۔ کتاب الدروس ، شہید اول ، ص2 ؛ الذکریٰ، ص23؛ البیان ، ص 4

10۔ شرح اللمعہ، شہید ثانی ، ص34

11۔ العروۃ الوثقیٰ ، سید محمد کاظم طباطبائی ، ج 1 ، ص461 ؛ جامع عباسی ، شیخ بھاء الدین العاملی ، ص11

12۔ رجوع کریں : رسالہ توضیح المسائل(فارسی) ، (مطابق با فتاویٰ مراجع تقلید : امام خمینی  ، آیت اللہ خوئی  ، آیت اللہ گلپایگانی  ،آیت اللہ اراکی  ، آیت اللہ منتظری) ،

مسئلہ نمبر : 644 ؛ رسالہ توضیح المسائل(فارسی) ، حضرت آیت اللہ شیخ محمّدفاضل لنکرانی ، مسئلہ نمبر 643 ؛ توضیح المسائل(اردو) ، حضرت آیت اللہ حافظ

بشیرحسین نجفی ، مسئلہ نمبر 645 ؛ رسالہ توضیح المسائل(فارسی) ، حضرت آیت اللہ سید صادق حسینی شیرازی ، مسئلہ نمبر 704

13۔ رجوع کریں : رسالہ توضیح المسائل(فارسی) ، حضرت آیت اللہ شیخ حسین وحید خراسانی ، ص 313 تا 315

14۔ جامع المسائل ، (استفتئاآت) (فارسی) ، حضرت آیت اللہ محمد فاضل لنکرانی ، ج2 ، ص 156

15۔ جواہر الکلام ، شیخ محمد حسن النجفی، ج 5 ، ص38 تا 40

16۔ جواہر الکلام ، شیخ محمد حسن النجفی، ج17، ص 113

17۔ المستند، ملاّاحمد نراقی ، ج17، ص 299

18۔ کتاب الحدائق ، شیخ یوسف بحرانی ، ج 13، ص 38 ؛ نیز رجوع کریں :المھذّب ، محمد ابن فھد الحلّی، ج1 ، ص 191 ؛کشف الغطاء ، شیخ جعفر النجفی کاشف

الغطاء، ص324

19۔ رجوع کریں : توضیح المسائل(فارسی) ، (مطابق با فتاویٰ مراجع تقلید : امام خمینی  ، آیت اللہ خوئی  ، آیت اللہ گلپایگانی  ،آیت اللہ اراکی  ، آیت اللہ منتظری) ،

مسئلہ نمبر:1748 ؛ توضیح المسائل(فارسی) ، حضرت آیت اللہ شیخ حسین وحید خراسانی، مسئلہ نمبر :1756 ؛ رسالہ توضیح المسائل(فارسی) ، حضرت آیت اللہ

شیخ محمّدفاضل لنکرانی ، مسئلہ نمبر 1813 ؛ رسالہ توضیح المسائل(فارسی) ، حضرت آیت اللہ سید صادق حسینی شیرازی ، مسئلہ نمبر 1887

20۔ مفاتیح الجنان ، شیخ عباس قمی ، ص298تا299 ؛ زاد المعاد ، علامہ محمد باقر مجلسی ، ص523 تا 525

21 ۔ وسائل الشیعۃ ، شیخ محمد ابن الحسن الحرّ العاملی، ج 2 ، ص 428 ؛ ج 5 ، ص288 ؛ ج7 ، ص 346

22 ۔ مصباح المتھجّد، شیخ ابو جعفر محمد ابن الحسن الطوسی ، ص 591 ؛ کتاب السرائر ، محمد ابن ادریس الحلّی ؛ کتاب المھذّب ، محمدابن فھد الاسدی الحلّی ،

ج1، ص191 ؛ جامع عباسی ، شیخ بہاء الدین العاملی، ص 78

23۔ کتاب الطہارۃ ، شیخ مرتضیٰ انصاری ، ص 328 ؛ نیز رجوع کریں : وسائل الشیعۃ، شیخ محمد ابن الحسن الحرّ العاملی، ج7 ، ص 346 ؛ مصباح المتھجّد، شیخ

ابو جعفر محمد ابن الحسن الطوسی ، ص 591 ؛ کتاب الحدائق ، شیخ یوسف بحرانی ، ج4 ، ص 212 ؛ ج13 ، ص 380

24۔ من لایحضرہ الفقیہ ، ابوجعفر محمد ابن علی ابن بابویہ القمی شیخ صدوق ، ج3 ، ص30 ؛ نیز رجوع کریں : وسائل الشیعۃ ، شیخ محمد ابن الحسن الحرّ العاملی ، ج 12،

ص 213 اور 215 ؛ دعائم الاسلام ، ج2 ، ص 326

25۔ من لایحضرہ الفقیہ ، ابوجعفر محمد ابن علی ابن بابویہ القمی شیخ صدوق ، ج3 ، ص300 ؛ نیز عینا اسی روایت کیلئے رجوع کریں : کتاب التھذیب ، شیخ ابو جعفر محمد ابن الحسن

الطوسی ، ج6، ص378

26۔ کتاب اثنیٰ عشریہ ، شیخ محمد ابن الحسن الحرّ العاملی ، ص 163 (طبع قدیم)(نقل از کتاب عید نوروز از دیدگاہ اسلام

 


source : http://quranoitrat.org/
0
0% (نفر 0)
 
نظر شما در مورد این مطلب ؟
 
امتیاز شما به این مطلب ؟
اشتراک گذاری در شبکه های اجتماعی:

latest article

علوم قرآن سے کیا مرادہے؟
صحابہ کے عادل ہونے کے متعلق تحقیق
گھریلو کتے پالنے کے بارے میں آیت اللہ العظمی ...
کیا عصمت انبیاء جبری طور پر ہے؟
کیا ابوطالب ایمان کے ساتھ اس دنیا سے گئے ہیں کہ آپ ...
تقیہ کتاب و سنت کی روشنی میں
عالم ذرّ کا عہد و پیمان کیا ہے؟
کیا نماز جمعہ کو واجب تخییری ہونے کے عنوان سے ...
ہم شب قدر میں قرآن سر پر کیوں رکھتے ہیں ؟
کیا حدیث" اما الحوادث الواقعہ" کی سند میں ...

 
user comment